بدھ 25 مارچ 2026 - 03:31
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا جامعہ عروۃ الوثقیٰ کا دورہ؛ رہبرِ معظم کی شہادت پر تعزیت، اتحادِ امت پر زور

حوزہ/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نے جامعہ عروۃ الوثقیٰ کا دورہ کر کے علامہ سید جواد نقوی سے ملاقات کی، جس میں رہبرِ معظم آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر تعزیت اور امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ‏مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین اور سینیٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نے جامعہ عروۃ الوثقیٰ کا دورہ کیا اور پرنسپل جامعہ عروۃ الوثقیٰ و سربراہ تحریک بیداری امتِ مصطفیٰ علامہ سید جواد نقوی سے ملاقات کی۔

اس موقع پر انہوں نے رہبرِ معظمِ انقلاب آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای رحمۃ اللہ علیہ کی شہادت پر دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران اتحادِ بین المسلمین اور بین المؤمنین کے فروغ، امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز اور موجودہ ملکی و علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

علمائے کرام نے اس بات پر زور دیا کہ امتِ مسلمہ کی قوت و استحکام کا راز باہمی اتحاد، بصیرت اور معرکۂ حق و باطل میں واضح مؤقف اختیار کرنے میں مضمر ہے۔ اس موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کی سربلندی اور معرکۂ حق و باطل میں اس کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

مزید برآں شہدائے ملت، بالخصوص شہدائے ترلائی اور رہبرِ معظم کی شہادت کے خلاف ہونے والے مظاہروں کے دوران شہید ہونے والے بے گناہ افراد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی بھی دعا کی گئی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha